بیجنگ30جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)چین کے ایک چڑیا گھر میں شیر نے ایک نوجوان کو اس کی بیوی اور بچے کے سامنے حملہ کر کے ہلاک کر ڈالا۔ یہ ہول ناک واقعہ شنگھائی سے 200 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر نِنگبو کے یونگور وائلڈ لائف پارک میں پیش آیا۔یوٹیوب پر درجنوں چینلوں نے اس واقعے کی وڈیو پوسٹ کی ہے جن میں مقتول نوجوان کی بیوی بچوں اور وہاں پر موجود دیگر افراد کی چیخ و پکار سنائی دے رہی ہے۔برطانوی اخبار ڈیلی مِرر کے مطابق مذکورہ شخص اپنی بیوی اور بچے کو چھوڑ کر رکاوٹی بار کو عبور کر کے شیروں کے احاطے میں چلا گیا۔ اس وقت تین شیر وہاں کھانے پینے میں مصروف تھے۔ اس دوران جب یہ شخص مزید قریب گیا تو ان میں سے ایک شیر نے حملہ کر کے اس کی گردن میں اپنے دانت گاڑ دیے اور اسے قابو کر لیا۔اس موقع پر لوگوں کی شدید چیخ و پکار سننے پر پارک کے محافظین نے شیروں کو ڈرانے اور بھگانے کے لیے فائر کریکر اور واٹر کینوں کا استعمال کیا۔ تاہم شیر نے اس شخص کی گردن کو نہیں چھوڑا اور اپنے شکار کو آگے کی جانب کھینچتا رہا۔
بعد ازاں کافی تاخیر کے بعد اس شخص کی جان بچانے کے واسطے خودکار ہتھیار کے ذریعے حملہ آور شیر کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ بقیہ دونوں شیروں کے دور جانے پر محافظین نے فوری طور پر شدید زخمی حالت میں اس شخص کو قریبی ہسپتال پہنچایا۔ تاہم ہسپتال پہنچ کر اس شخص نے دم توڑ دیا۔پولیس تحقیقات کا آغاز کر کے واقعے کی وڈیوز کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ اس وجہ کو معلوم کیا جا سکے جس کے سبب مقتول شخص نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔